نئی دہلی 22جنوری: لبنان کے مشرقی علاقہ بیکا وادی میں حزب اللہ کے سرکردہ کمانڈر شیخ محمد حمادی پر 21 جنوری کو قاتلانہ حملہ ہوا، جس میں ان کی موت واقع ہو گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق حزب اللہ کے مقامی کمانڈر حمادی کو ماچگارا علاقے میں ان کی رہائش کے پاس ہی نامعلوم بندوق برداروں نے منگل کے روز نشانہ بنایا اور کئی گولیاں چلائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چلتی گاڑی میں انھیں 6 گولیاں ماری گئیں ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق شیخ محمد علی حمادی کو 2 گاڑیوں میں سوار حملہ آوروں نے گولی ماری۔ حمادی کے قتل کے پیچھے پوشیدہ مقصد ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے۔ کسی بھی گروپ یا شخص نے ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ کے فوراً بعد حمادی کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ لبنان افسران نے اس واقعہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔ شیخ حمادی پر ہوئے قاتلانہ حملہ کو سالوں پرانے خاندانی تنازعہ سے جوڑ کر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ حمادی کے بارے میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ امریکی سیکورٹی ایجنسی ایف بی آئی کی ’موسٹ وانٹیڈ‘ لسٹ میں شامل تھے۔ ایک ہائی پروفائل دہشت گردانہ حملہ میں بھی ان کا نام سامنے آیا تھا۔