جے پور، 18 جنوری (یو این آئی) پرو کبڈی لیگ 2023-24 میں جے پور پنک پینتھرس نے پی کے ایل کے 10ویں سیزن میں ہریانہ اسٹیلرز کو 37-27 کے فرق سے شکست دی۔بدھ کی رات، میزبان جے پور پنک پینتھرز نے سوائی مان سنگھ انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی کے ایل کے 10ویں سیزن کے 77ویں میچ میں ہریانہ اسٹیلرز کو 37-27 کے فرق سے شکست دی۔جے پور کی 13 میچوں میں یہ 10ویں جیت ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی جے پور نے پوائنٹس ٹیبل میں 58 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔
وہیں ہریانہ کو 13 میچوں میں پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جے پور کی جیت میں، ارجن دیسوال (8 پوائنٹس) کے علاوہ ڈیفنس میں انکش (5) اور سنیل (4) نے اپنی چمک دکھائی۔ ہریانہ کے لیے شیوم نے ریڈ میں سب سے زیادہ 8 پوائنٹ جبکہ نوین نے ڈیفنس میں 4 پوائنٹ بنائے۔
آخری 10 منٹ کے آغاز میں ہریانہ نے لگاتار تین پوائنٹس بنائے لیکن جے پور نے اس دوران دو پوائنٹس اسکور کرکے ان کی واپسی روک دی۔ ہریانہ نے ایک بار پھر چار پوائنٹس کے ساتھ واپسی کی راہ پکڑی لیکن وقت ہاتھ سے پھسلتا جا رہا تھا۔
چار منٹ باقی تھے اور برتری کا فاصلہ آٹھ تھا۔ ہریانہ کی ٹیم تمام کوششوں کے باوجود اس فاصلے کی بھرپائی نہیں کرسکی اور دو جیت اور ایک ٹائی کے بعد میچ ہار گئی۔