نئی دہلی 25جولائی:مرکزی حکومت کے ذریعے پیش کیے گئے بجٹ پر آج تیسرے روز (25 جولائی) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بحث جاری رہی۔ اس دوران عام آدمی پارٹی (عآپ) کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے مودی حکومت پر شدید حملہ کیا اور کہا کہ بجٹ میں عام لوگوں کو کچھ نہیں دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیل کا بجٹ بڑھا دو، آج ہمیں جیل بھیجا جا رہا ہے، کل آپ کی باری ہے۔ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت کے پاس اب صرف ایک اسکیم رہ گئی ہے۔ وہ اسکیم یہ ہے کہ اس ملک کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کٹورا دے کر انہیں بھیک مانگنے کے لیے کہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے کہا کہ ہم پانچویں بڑی معیشت ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اس کا فائدہ کس کو مل رہا ہے؟ اس کا فائدہ آپ کے چند صنعتکار دوستوں کو مل رہا ہے۔ فٹ پاتھوں پر دوکانیں لگانے والے اور ٹھیلے والوں کو کچھ نہیں مل رہا ہے۔ عآپ کے لیڈر نے کہا کہ آپ نے ٹھیلے و اسٹالس والوں سے کہا کہ اپنے نام کی تختی لگاؤ۔ بتاؤ کہ ہندو ہو یا مسلمان، دلت ہو یا پچھڑے یا آدیواسی۔ اگر نیم پلیٹ ہی لگوانا ہی ہے تونیرو مودی و وجئے مالیا کے گلے میں لگوائیے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ میں حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ ایک سیکولر ملک ہے۔ اس قسم کا کام یہاں نہیں ہونا چاہیے۔ آپ ابھی یوپی میں الیکشن ہارے ہیں۔ اگر کوئی جاٹاو ڈھابہ، والمیکی ڈھابہ لکھے گا تو آپ لوگ وہاں کھانا کھانے نہیں جائیں گے۔ میں جانتا ہوں آپ کی ذہنیت۔ آپ نے رام مندر کے سنگ بنیاد کی تقریب میں رام ناتھ کووند کو نہیں بلایا تھا۔ آپ دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ لوگوں اور اقلیتوں سے نفرت کرتے ہیں۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ بجٹ میں جیل کو بھی کم بجٹ دیا گیا ہے۔ جیل کے بجٹ میں اضافہ کریں۔ یہ 300 کروڑ روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں جیل بھیجا ہے، کل آپ (حکمران جماعت) کو جیل جانا ہے۔ آپ سب کو جیل آنا ہے۔ جیل کے بجٹ میں اضافہ کرو۔ اگلا نمبر آپ کا ہے۔ سنجے سنگھ کے اس بیان پر راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں ایوان کے لیڈر سے کہوں گا کہ جیل بجٹ بڑھانے کی یہ اپیل دل کو چھو لینے والی ہے۔ اس پر جے پی نڈا مسکرائے۔ اس کے بعد دھنکر نے کہا کہ اس پر غور فرمائیے۔