نئی دہلی 18اپریل:دہلی کی کابینہ وزیر آتشی نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو جیل میں مل رہے گھر کے کھانا کو روک کر ان کی جان لینے کی بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے۔ آتشی کا یہ بیان ای ڈی کے ذریعہ عدالت میں یہ دعویٰ کیے جانے کے بعد آیا ہے کہ عآپ چیف ’ٹائپ 2‘ ذیابیطس سے متاثر ہونے کے باوجود ہر دن آم اور مٹھائی جیسی ہائی شگر والی چیزیں کھا رہے ہیں تاکہ طبی بنیاد پر انھیں ضمانت مل سکے۔ سی بی آئی اور ای ڈی معاملوں کی خصوصی جج کاویری باویجا کے سامنے ای ڈی نے مذکورہ بالا دعویٰ کیا ہے۔ اس معاملے میں جج نے تہاڑ جیل کے افسران کو تفصیلی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے جس میں کیجریوال کے کھانے کا چارٹ بھی شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس معاملے میں عآپ لیڈر آتشی نے ایک پریس کانفرنس میں ای ڈی پر وزیر اعلیٰ کے کھانا سے متعلق جھوٹ پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کیجریوال کی صحت کو بگاڑنے کے لیے ای ڈی کا استعمال کر رہی ہے۔ آتشی نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ کیجریوال کو جیل میں مل رہے گھر کے کھانا کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ای ڈی نے عدالت میں جھوٹ بولا اور کہا کہ کیجریوال میٹھی چھائے پی رہے ہیں اور مٹھائی کھا رہے ہیں۔ یہ پوری طرح سے جھوٹ ہے۔
آتشی نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’کوئی ڈاکٹر آپ کو بتائے گا کہ ذیابیطس کے مریضوں کو کیلا یا کوئی ٹافی یا چاکلیٹ رکھنے کے لیے کہا جاتا ہے کیونکہ خون میں شگر کی سطح میں گراوٹ زندگی کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔ ای ڈی کہہ رہی ہے کہ وہ آلو پوڑی کھا رہے ہیں۔ ای ڈی کو اتنا جھوٹ بولنے کے لیے تھوڑا تو بھگوان سے ڈرنا چاہیے۔ انھوں نے (کیجریوال نے) صرف نوراتری کے پہلے دن پوڑی کھائی تھی۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’بی جے پی اور ای ڈی جھوٹ بول کر یہ کوشش کر رہے ہیں کہ کیجریوال کو مل رہا گھر کا کھانا بند کر دیا جائے۔ ایک بار انھیں مل رہا گھر کا کھانا رک گیا تو اس کے بعد انھیں تہاڑ جیل میں کب اور کیا کھلایا جا رہا ہے، کسی کو بھی پتہ نہیں چلے گا۔‘‘