پرتھ، 23 نومبر (یو این آئی) سلامی بلے باز یشسوی جیسوال (90 ناٹ آؤٹ) اور کے ایل راہل (ناٹ آؤٹ 62) کے درمیان 172 رن کی ناٹ آوٹ شراکت کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 172 رن بنالئے اور اس کے ساتھ ہی ہندستان کی مجموعی برتری 218 رن ہو چکی ہے۔ جیسوال نے اپنے مانوس انداز میں آسٹریلیائی گیند بازوں کا ہمت سے سامنا کیا۔ اب تک وہ اپنی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگا چکے ہیں اور یادگار سنچری کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ راہول نے زبردست صبر کا مظاہرہ کیا اور ڈھیلی گیندوں کو درستگی کے ساتھ مار کر شراکت کو آگے بڑھایا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی لیکن ہندستان کے پہلی اننگز کے 150 رن کے جواب میں اس کے بلے باز صرف 104 رن پر آوٹ ہوگئے جس کی وجہ سے مہمان ٹیم کو 46 رن کی اہم برتری حاصل ہوگئی۔فاسٹ باؤلنگ میں جسپریت بمراہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 رن کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ڈیبیو کرنے والے ہرشیت رانا نے 48 رن کے عوض 3 وکٹیں لے کر متاثر کیا۔ میزبان ٹیم کی آخری پانچ وکٹیں صرف 23 رن کا اضافہ کر سکیں ۔ یہ 2010 کے بعد آسٹریلیا میں کسی مہمان ٹیم کی پہلی 150 سے زائد کی اوپننگ شراکت تھی اور اس صدی میں یہ صرف چوتھی بار ہے کہ کسی ہندوستانی جوڑی جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں 50 اوور تک ٹکی رہی۔
پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے جیسوال اور راہول کے لیے ہر زاویے اور رفتار سے گیند بازی کی، تاہم، دونوں نے چیلنجوں کا صبر کے ساتھ سامنا کیا اور طوفان کا مقابلہ کیا۔ جیسوال کو بعض اوقات ہاتھ کے درد کے علاج، پانی کی کمی سے نمٹنے کے لیے پانی پینے کی ضرورت ہوتی تھی، لیکن ان کا عزم اٹل رہا۔ نظم و ضبط کے ساتھ باؤلنگ کی کوششوں کے باوجود آسٹریلیا کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ مچل سٹارک اور نیتھن لیون کے علاوہ پیٹ کمنز کبھی کبھار تیز باؤنس لینے میں کامیاب رہے لیکن ہندوستان کے بلے بازوں نے مایوس نہیں کیا۔ اس دوران جیسوال نے برینڈن میک کولم کا ایک کیلنڈر سال میں 33 چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا۔
مختصر اسکور:
آسٹریلیا کی پہلی اننگز: 51.2 اووروں میں 104 رن پر آل آؤٹ (مچل اسٹارک 26؛ جسپریت بمراہ 5/30، ہرشیت رانا 3/48)۔ہندوستان کی پہلی اننگز: 58.3 اوورز میں 150 رن پر آل آؤٹ (نتیش ریڈی 41، پنت 37، جوش ہیزل ووڈ 4/29، مچل اسٹارک 2/14)۔ہندوستان کی دوسری اننگز: 57 اووروں میں 172/0 (یشسوی جیسوال 90*، کے ایل راہول 62*) دوسرے دن کے اسٹمپس تک: ہندوستان 218 رن سے آگے۔