نئی دہلی2اگست: دہلی کے جہانگیر پوری میں ایک پرانی اور خستہ حال عمارت گرنے سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ تین منزلہ عمارت گرنے سے کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جن کے لیے امدادی کام جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید کچھ لوگ پھنسے ہو سکتے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے اس سے قبل ملبے سے ایک خاتون سمیت دو لاشیں برآمد کی تھیں۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے تیسرے شخص کا نام مکیش کمار (45) ہے، جو زخمی ہوا اور اسپتال میں علاج کے دوران فوت ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرنے والی تین منزلہ عمارت گارمنٹس فیکٹری تھی۔ عہدیدار نے بتایا کہ عمارت کے اندر مرمت کا کچھ کام جاری تھا جب یہ گر گئی۔ دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) کے عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں تقریباً 12.51 بجے ایک ہنگامی کال موصول ہوئی جس کے بعد پانچ فائر ٹینڈر موقع پر بھیجے گئے۔ خیال رہے کہ ایک سال قبل بھی اس فیکٹری میں مرمت کا کام کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود فیکٹری کی تینوں منزلوں پر مختلف کام کیا جا رہا تھا۔ مرمتی کام کے دوران عمارت کا اگلا حصہ گر گیا اور وہاں کام کرنے والے تقریباً 6 سے 7 افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر امدادی کام شروع کیا اور چار لوگوں کو ملبے سے نکال کر بابو جگجیون رام اسپتال لے جایا گیا۔ ملبہ ہٹانے کا کام تاحال جاری ہے اور پورے علاقے میں افراتفری ہے۔