جھارکھنڈ نے راجستھان کو 89 رنوں سے ہرایا

0
10

جمشید پور، 19 فروری (یو این آئی) اسپنر انوکول رائے کی پانچ وکٹوں کی شاندار گیند بازی کی بدولت جھارکھنڈ نے رنجی ٹرافی کے میچ میں راجستھان کو 89 رنز سے شکست دے دی۔جمشید پور کے کینن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جھارکھنڈ نے راجستھان کو جیت کے لیے چوتھی اننگ میں 248 رنوں کا ہدف دیا تھا۔ دوسری اننگ میں بلے بازی کے لیے آنے والی راجستھان کی شروعات خراب رہی اور اس نے 39 کے اسکور پر یکے بعد دیگرے چار وکٹیں گنوا دیں۔ راجستھان کے لیے مہیپال لومرور نے سب سے زیادہ 48 رنز بنائے۔ ابھیجیت تومر اور سمرپت جوشی 23-23، اجے سنگھ 21، مانو سوتھر 14 رنز اور سمیت گودارا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جھارکھنڈ کے لیے انوکول رائے نے 36 رنز دے کر پانچ وکٹ لیے۔ شہباز ندیم نے 53 رنز کے عوض تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا، ورون آرون اور اتکرش سنگھ کو ایک ایک ملا۔ جھارکھنڈ نے راجستھان کو 158 رنز پر آؤٹ کر کے میچ 89 رنز سے جیت لیا۔ جھارکھنڈ کے لیے دوسری اننگ میں 72 رنز بنانے والے آدتیہ سنگھ کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔
اس سے قبل جھارکھنڈ کے کپتان سورو تیواری نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ جھارکھنڈ کی جانب سے اتکرش سنگھ نے 43، سورو تیواری نے 42 اور کمار کشاگرا نے 37 رنز بنائے۔ خلیل احمد اور مہیپال لومرور کی تین تین وکٹیں اور مانو ستار دو وکٹ کی بدولت جھارکھنڈ کو محض 188 رنز پر ڈھیر کردیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والی راجستھان نے سلمان خان کی 52 رنز کی نصف سنچری اور سمیت گودارا کے 44 رنوں کی مدد سے 210 رنز بنائے۔ رامنیواس گولادا 34 رن، مہیپال لومرور 18 رن، سمرپت جوشی 13 رن اور اجے سنگھ 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔جھارکھنڈ کی جانب سے ورون آرون نے چار وکٹ لیے۔ سوربھ شیکھر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ انوکول رائے نے دو اور اتکرش سنگھ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد جھارکھنڈ نے دوسری اننگ میں اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 69 رنز جوڑے۔ جھارکھنڈ نے آدتیہ سنگھ کے 72 رنز کی نصف سنچری، آریمن سین 38 رنز، ندیم صدیقی 33 رنز، وراتٹ سنگھ 28 اور انوکول رائے کے 21 رنز کی بدولت 269 رنز بنائے۔ راجستھان کی جانب سے مانو ستار، انیکیت چودھری اور اجے سنگھ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔