پٹنہ 3مارچ:بہار کی راجدھانی پٹنہ واقع گاندھی میدان میں آج مہاگٹھ بندھن کی ’جَن وشواس ریلی‘ منعقد ہوئی جس میں لاکھوں کی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس ریلی میں آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، سی پی آئی چیف ڈی راجہ، سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری، سیتارام یچوری اور سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو جیسی ہستیاں موجود ہیں۔ اس دوران بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر زوردار انداز میں طنز کے تیر چلائے۔ انھوں نے لاکھوں لوگوں کی بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک گانا سنے ہیں آپ لوگ۔ رتک روشن کی فلم کا گانا ہے۔ اِدھر چلا میں اُدھر چلا، جانے کہاں میں کدھر چلا، ارے پھسل گیا…۔‘‘ یہ گانا گنگنانے کے بعد تیجسوی نے کہا ’’ارے چاچا جی، آپ بزرگ ہیں آپ کو یہیں سے ہاتھ جوڑ کر پرنام۔ لیکن ایک بات طے ہے۔ جنتا دل یو 2024 میں ختم ہو جائے گی۔ آپ اِدھر چلیے، اُدھر چلیے، آپ کا کچھ بچے گا ہی نہیں تو آپ پھسل جاؤ گے، کہیں کے نہیں رہو گے۔‘‘ تیجسوی یادو نے ’جَن وشواس ریلی‘ سے خطاب کے دوران بہار میں آئے ملازمتوں کے سیلاب کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ مہاگٹھ بندھن حکومت کا نتیجہ ہے، نتیش کمار تو پہلے بھی وزیر اعلیٰ رہے لیکن ملازمتیں نہیں دی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’مہاگٹھ بندھن حکومت میں ہم ملازمت دیتے رہے اور نتیش چاچا پلٹ گئے۔ اب وہ جہاں ہیں وہاں خوش رہیں۔ 10 لاکھ ملازمت دینے کا وعدہ ہم نے کیا تھا۔ اس وعدہ کو پورا کیا گیا اور ملازمتوں کا ایک سیلاب نظر آیا، لیکن پٹنہ میں پوسٹر نتیش کمار لگوا رہے ہیں کہ ’روزگار مطلب نتیش کمار‘۔ سچ یہ ہے کہ آزادی کے بعد جتنا روزگار 17 ماہ میں مہاگٹھ بندھن حکومت نے دیا اتنا کبھی کسی حکومت نے نہیں دیا۔‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ بہار پر تبصرہ کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ ’’کان کھول کر سن لیجیے پی ایم مودی جی، میرے والد نے ریلوے وزیر رہتے جتنا کام ریلوے کے فائدے کے لیے کیا، اتنا آج تک کوئی وزیر ریل نہیں کر پایا۔