انڈین ویلز، 10 مارچ (یو این آئی) سربیا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے بی این پی پریباس انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے زمرے میں پانچ سال بعد واپسی کی ہے اور آسٹریلیا کے الیگزینڈر ووکیچ کو شکست دی ۔ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں جوکووچ نے الیگزینڈر کو 6-2، 5-7، 6-3 سے شکست دی۔ چوبیس بار گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل جیتنے والے جوکووچ کی اے ٹی پی ماسٹرز 1000 سیریز ایونٹ میں یہ 400 ویں جیت ہے ۔
وہ اسپین کے رافیل نڈال کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ انڈین ویلز میں 2019 کے بعد پہلی بار کھیل رہے جوکووچ اس ٹورنامنٹ میں پانچ بار کے سابق چیمپئن ہیں۔
خواتین کے زمرے میں امریکہ کی ٹینس اسٹار کوکو گوف نے فرانس کی کلارا بریل کو 2-6، 6-3، 7-6 (4) سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کر لی ہے۔تھرڈ سیڈڈ گوف نے تیسرے سیٹ میں 5-2 سے پچھڑنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے کلارا پر فتح حاصل کی۔اگلے راؤنڈ میں گوف کا مقابلہ اٹلی کی لوسیا برونزٹی سے ہوگا۔ اس سے قبل لوسیا نے انجلینا کالینینا کو 6-3، 6-4 سے شکست دی۔