بھوپال،7 ستمبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش اسٹیٹ روئنگ اکیڈمی کے تین کھلاڑیوں اور ایک کوچ کو 11 سے 15 ستمبر تک چین کے شہر شینیان میں منعقد ہونے والی جونیئر ایشین روئنگ چیمپئن شپ مقابلے میں ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ مقابلے میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور کوچوں میں ڈبل اسکلز مقابلے میں ہریوم ٹھاکر، کوارٹر پل اسکلز میں جگیاسا ریگر اور سنتوش یادو اور اسٹیٹ اسپورٹس اکیڈمی کے اسسٹنٹ کوچ رتیش ڈی بی بھی شامل ہے۔مقابلے میں ایشیا کی تمام ٹاپ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اسپورٹس اکیڈمی کے چیف انسٹرکٹر ارجن ایوارڈ یافتہ کیپٹن دلبیر سنگھ کا ماننا ہے کہ مقابلے میں منتخب کھلاڑیوں سے تمغوں کی توقع کی جارہی ہے۔ کھلاڑیوں نے مقابلے سے قبل بھرپور پریکٹس بھی کی۔کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر وشواس سارنگ نے ہندوستانی ٹیم میں منتخب اسپورٹس اکیڈمی کے روئنگ کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔