سنچورین، 26 دسمبر (یو این آئی) ڈین پیٹرسن (پانچ وکٹ) اور کوربن بوش (چار وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے جمعرات کو پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 211 کے اسکور پر سمیٹ دیا۔آج یہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور 15ویں اوور میں کوربن بوش نے کپتان شان مسعود (17) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں ڈین پیٹرسن نے سیم ایوب (14) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔اس کے بعد 18ویں اوور میں پیٹرسن نے بابر اعظم (چار) کو اپنا شکار بنا کر جنوبی افریقہ کو تیسری کامیابی دلائی۔ سعود شکیل (14) کو کوربن بوش نے آؤٹ کیا۔ پہلے سیشن کے اختتام پر پاکستان نے 24 اوورز میں چار وکٹوں پر 88 رنز بنائے تھے۔ لنچ کے بعد پاکستانی بلے بازوں میں سے کوئی بھی جنوبی افریقہ کے بالنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔ پاکستان کی جانب سے کامران غلام نے سب سے زیادہ (54) رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے لنچ کے بعد صرف 123 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے چھ وکٹ گنوا ئے۔ محمد رضوان (27)، سلمان آغا (18)، عامر جمال (28) اور خرم شہزاد (10) 10 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ساؤتھ ڈین پیٹرسن اور کوربن بوش کے بالنگ اٹیک کے سامنے پاکستان کی پوری ٹیم 57.3 اوور میں 211 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے پانچ اور کوربن بوش نے چار وکٹ حاصل کئے۔