پورٹ آف اسپین، 12 اگست (یو این آئی) ایلک ایتھنیز کی 92 رنز کی جدوجہد سے پر اننگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگ میں پانچ وکٹوں پر 201 رنز بناکرجنوبی کے ساتھ کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کرادیا۔پانچویں روز جنوبی افریقہ نے دوسری اننگ 173 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 298 رنز کا ہدف دیا۔ اس کے جواب میں دوسری اننگ میں بیٹنگ کے لیے اتری ویسٹ انڈیز کی شروعات خراب رہی اور ایک موقع پر اس نے 64 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ ایسا لگ رہا تھا کہ جنوبی افریقہ کے گیند باز کیشو مہاراج جلد ہی ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز سمیٹ دیں گے۔ کپتان کریگ براتھویٹ (صفر)، میکائیل لوئس (9) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ایسے بحران کے وقت ایلک ایتھنیز نے پہلے کے سی کارٹی کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت داری کی۔ کے سی کارٹی (31) اور پھر کیویم ہوج (29) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ایلک ایتھنیز نے 92 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ جیسن ہولڈر 31 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے 56.2 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 201 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ کگیسو ربادا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے دوسری اننگ میں بغیر کسی نقصان کے 30 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ٹونی ڈی جارج 45 رن اور ایڈن مارکرم 38 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کو جومل واریکن نے آؤٹ کیا۔ ٹرسٹن اسٹبس نے 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ انہیں کیمار روچ نے بولڈ آؤٹ کیا۔ سٹبز کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں پر 173 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی اور ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگ کی 124 رن کی برتری اور دوسری کے 173 رنز کی بنیاد پر جیت کے لئے 298 رنز کا ہدف دیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کیمار روچ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج اور کاگیسو ربادا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگ میں 233 رنز پر سمیٹ دیا تھا۔ جنوبی افریقہ کو پہلی اننگ کی بنیاد پر 124 رنز کی برتری حاصل تھی۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ اور میکائیل لوئس نے اننگ کا اچھا آغاز کیا تھا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 53 رنز جوڑے۔ لیکن جنوبی افریقہ کی عمدہ گیندبازی کے سامنے ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بلے باز پچ پر زیادہ دیر تک نہ چل سکا۔ میکائیل لیوس (35)، کریگ براتھویٹ (35)، جیسن ہولڈر (36)، کیویم ہوج (25) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کے سی کارٹی نے ٹیم کی سب سے بڑی (42) رنوں کی اننگ کھیلی۔ جومل واریکن (35) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ کگیسو ربادا کو تین وکٹ ملے۔ لونگی نگیڈی اور ایڈن مارکرم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان ٹیمبا باوٹا (86)، ٹونی ڈی جارج (78) کی نصف سنچریوں اور کائل وارن 39 اور ویان مولڈر کے ناٹ آؤٹ 41 رنوں کی کآرآمد اننگز کی بدولت 357 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے جومل واریکن نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ جےڈن سیلز نے تین، کیمار روچ نے دو اور جیسن ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کیا۔