نئی دہلی، 7 مارچ (یو این آئی) جمی جارج، والی بال کھلاڑی اور ہندوستانی قومی والی بال ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں۔ انہیں ہندستان میں اب تک کے سب سے بڑے والی بال کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ چھ فٹ ایک انچ کا وہ قد آورکھلاڑی ،جس میں خدا داد صلاحیت موجود تھی، 8 مارچ 1955 کو کیرالہ کے مالابار علاقے میں پیراوور میں پیدا ہوا۔ جمی کا تعلق کھلاڑیوں کے خاندان سے ہے۔ وہ صرف 21 برس کی عمر میں کھیلوں کی دنیا کے سب سے خاص اعزاز ارجن ایوارڈحاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے۔جمی جارج میں پیدائشی ٹیلنٹ موجود تھا۔ وہ بارہ فٹ تک چھلانگ لگاسکتے تھے۔ انہوں نے ایسی چھلانگ یا پہنچ حاصل کرنے کے لیے کوئی خاص تربیت حاصل نہیں کی تھی۔وہ کورٹ پر اپنے ساتھیوں کے کندھوں پر مانو تیرتے ہوئے نظر آتے تھے۔ جمی جارج نے ہندوستان میں والی بال کو نئی سمت دی۔ وہ ایک بہترین کھلاڑی تھے۔ ان کی ٹائمنگ بہت زبردست تھی۔ ہاتھوں سے آنکھوں کے درمیان ان کی بہترین ہم آہنگی تھی۔ وہ زمین سے ایک میٹر سے زیادہ بلندی تک چھلانگ لگاسکتے تھے اور چند لمحوں سے زیادہ ہوا میں رہنے کی طاقت رکھتے تھے۔