نئی دہلی 16مارچ:الیکشن کمیشن نے عام انتخاب 2024 کے لیے تاریخوں کا اعلان آج کر دیا۔ اس اعلان کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’یہ عام انتخاب جمہوریت و آئین کو تاناشاہی سے بچانے کا شاید آخری موقع ہوگا۔ لوک سبھا انتخاب ہندوستان کے لیے ’نیائے‘ کا دروازہ کھولے گا۔‘‘ دراصل کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں مذکورہ بالا بیان دیا ہے۔ انھوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’2024 لوک سبھا انتخاب ہندوستان کے لیے ’نیائے کا دوار‘ (انصاف کا دروازہ) کھولے گا۔ جمہوریت و آئین کو تاناشاہی سے بچانے کا شاید یہ آخری موقع ہوگا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہم ہندوستان کے لوگ، ساتھ مل کر نفرت، لوٹ، بے روزگاری، مہنگائی و مظالم کے خلاف لڑیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک میں 7 مراحل میں انتخاب کرائے جانے کا اعلان کیا ہے۔ سات مراحل میں یہ انتخاب 19 اپریل، 26 اپریل، 7 مئی، 13 مئی، 20 مئی، 25 مئی اور یکم جون کو ہوں گے۔ اتر پردیش، مغربی بنگال اور بہار میں سبھی سات مراحل میں انتخاب کرانے کا اعلان الیکشن کمیشن نے کیا ہے۔ ملک کی سبھی 543 لوک سبھا سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔
نئی دہلی، 16 مارچ (یو این آئی) ہندوستانی بحریہ نے اغوا کیے گئے ایک جہاز کو صومالی قزاقوں سے بچا لیا اور اسے لوٹنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔