نئی دہلی، 16 اگست ( یو این آئی ) جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد پہلے اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں 18 اور 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوں گے ۔ جبکہ ہریانہ میں اسمبلی انتخابات ایک ہی مرحلے میں یکم اکتوبر کو ہوں گے اور دونوں مقامات پر ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو نے یہاں جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں جموں و کشمیر کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔مسٹر کمار نے کہا کہ 90 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 نشستوں کے لیے نوٹیفکیشن 20 اگست کو جاری کیا جائے گا، یعنی امرناتھ جی یاترا کے اختتام کے اگلے دن اور کاغذات نامزدگی 27 اگست تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اگست ہوگی۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کی 26 نشستوں کے لیے 25 ستمبر کو انتخابات ہوں گے جس کے لیے 29 اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
اس مرحلے میں 5 ستمبر تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جاسکتے ہیں، 6 ستمبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 9 ستمبر ہوگی۔ تیسرے اور آخری مرحلے میں 40 سیٹوں پر یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی۔ اس کا نوٹیفکیشن 5 ستمبر کو جاری کیا جائے گا اور نامزدگی 12 ستمبر تک کی جا سکے گی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 ستمبر کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 17 ستمبر ہوگی۔