سرینگر26اگست: جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر بی جے پی نے اپنی نئی فہرست ضرور جاری کر دی ہے، لیکن بی جے پی کے مقامی لیڈران کا غصہ کم ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ بی جے پی کی تازہ فہرست میں 15 امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے جس کو دیکھ کر بی جے پی کے بڑے لیڈران سخت ناراض ہیں۔ بڑی تعداد میں بی جے پی لیڈران و کارکنان بی جے پی دفتر کے باہر مظاہرہ اور نعرے بازی کر رہے ہیں۔ اس ہنگامہ کے درمیان بی جے پی صدر رویندر رینا کا کہنا ہے کہ ناراض ساتھیوں سے بات کی جائے گی اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی ساتھی ناراض نہ رہے۔ رینا نے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں انتخابی بگل کے درمیان بی جے پی نے سلیکشن کے عمل کے بعد اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنی پہلی فہرست میں پارٹی نے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کے لیے امیدواروں کے نام جاری کیے ہیں۔ آخری مرحلہ کے لیے نامزدگی کا دن 27 اگست ہے۔ پارٹی جلد ہی دوسری فہرست جاری کرے گی۔ ہم کچھ آزاد امیدواروں سے بھی بات کر رہے ہیں۔‘