سری نگر، یکم اکتوبر (یو این آئی) جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے سات اضلاع پر محیط چالیس سیٹوں پر پولنگ پر امن اور خوشگوار طریقے سے جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شام کے 5 بجے تک مجموعی طور پر 65.48 فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولنگ صبح کے ٹھیک سات بجے تمام 5 ہزار 60 پولنگ مراکز شروع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز پر صبح سے ہی ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔اسمبلی انتخابات کے اس آخری مرحلے کے لئے رائے دہندگان کی کل تعداد 39 لاکھ 18 ہزار2 سو22 ہےجن میں سے 20 لاکھ9 سو33 مرد جبکہ19 لاکھ9 ہزار1 سو30 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔حکام نے رائے دہندگان کے لئے سات اضلاع میں کل 5 ہزار 60 پولنگ مراکز قائم کئے ہیں اور ہر پولنگ مرکز پر پرزائڈنگ افسر سمیت چار اہلکاروں پر مشتمل الیکشن عملہ تعینات ہوگا اور مجموعی طور پر اس مرحلے کے لئے 20 ہزار سے زیادہ اہلکاروں پر مشتمل الیکشن عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔
حکام نے جہاں پولنگ کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی ہے اور پولنگ مراکز پر ووٹروں اور الیکشن عملے کے لئے تمام تر سہولیات کو دستیاب رکھا ہے وہیں ہموار اور خوشگوار پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ یکم اکتوبر کو ہو رہی ہے جبکہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ بالترتیب 18 اور 25 ستمبر کو ہوئی۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔یہ دفعہ370 کی تنسیخ کے بعد جموں و کشمیر میں ہو رہے پہلے اسمبلی انتخابات ہیں۔
سیتا رمن کے خلاف یوتھ کانگریس کا احتجاج، استعفیٰ کا مطالبہ
نئی دہلی، یکم اکتوبر (یو این آئی) یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے الیکٹورل بانڈ اسکیم کے تحت فنڈز کی مبینہ طور پر غیر قانونی وصولی کے سلسلے میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے خلاف آج احتجاج کیا اور ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر یوتھ کانگریس کے نومنتخب صدر ادے بھانو نے مظاہرین سے کہا “محترمہ سیتا رمن وزیر اعظم نریندر مودی کے حکم پر انتخابی بانڈز کے ذریعے بھتہ خوری کا ریکٹ چلا رہی ہیں۔