سرینگر16ستمبر:جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کی تیاریاں سبھی پارٹیاں زور و شور سے کر رہی ہیں۔ اس درمیان کانگریس نے آج اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کانگریس صدر طارق حمید کرّا اور کانگریس میڈیا و پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا وغیرہ موجود رہے۔ اس موقع پر پون کھیڑا نے کہا کہ ’’گزشتہ 10 سالوں سے کشمیر کے جو حالات ہیں، اس سے کشمیر کا دل زخموں سے بھر گیا ہے۔ لیکن اب ان زخموں پر مرہم لگانے کا وقت آ گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں ایک طویل رات ختم ہونے والی ہے اور صبح ہونے کو ہے۔‘‘ پون کھیڑا نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’یہاں (جموں و کشمیر میں) گزشتہ 10 سالوں سے دہلی کی ایک ایسی حکومت چل رہی ہے جس میں لوگوں کی آواز نہیں سنی جا رہی۔ اس بات کو توجہ میں رکھتے ہوئے 22 ضلعوں میں ہماری ٹیم گئی، لوگوں سے بات کی اور اسی کے تحت ہمارا انتخابی منشور تیار کیا گیا۔ یہ انتخابی منشور صرف ایک کاغذ کا پلندہ نہیں ہے، یہ ہماری گارنٹی ہے۔ یہ حق کی بات ہے، جسے ہم پورا کر کے دیں گے۔‘‘ جموں و کشمیر کی عوام کے سامنے کانگریس نے کئی اہم وعدے کیے ہیں اور گارنٹی کی شکل میں بنیادی چیزیں سامنے رکھی ہیں۔