بھوپال، 5 مارچ (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا جو ان دنوں مدھیہ پردیش سے گزر رہی ہے، پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے آج کہا کہ جس پارٹی نے زندگی بھر ناانصافی کی ہے، آج وہ لوگ نیائے یاترا نکال رہے ہیں۔ یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر یادو نے کہا کہ کانگریس نے بہت طویل عرصہ تک حکومت کی ہے لیکن انتخابات کے وقت اگر کوئی اپنی پارٹی کا خیال کئے بغیر اس طرح وقت ضائع کر رہا ہے تو یہ ان کا معاملہ ہے۔ راہل گاندھی کے حوالے سے جو آج اجین میں شری مہاکال کا درشن کرنے جارہے تھے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اُجین دیو درشن کا شہر ہے۔ راہل گاندھی بھگوان کے اچھی طرح سے درشن کریں، ویسے انہیں نیک خواہشات ہیں۔ ایشور انہیں مدھیہ پردیش کی سرزمین پر اچھی سمجھ دے لیکن انہیں یہ پچھتاوابھی کرنا چاہئے کہ ان کی پارٹی نے بھگوان رام کی دعوت کو کیوں ٹھکرایا؟ انہیں عوام سے معافی مانگنی چاہئے، راہل کو وضاحت کرنی چاہئے۔