پونے (مہاراشٹر)2اگست: پونے کی ایک عدالت نے شیوبا تنظیم کے لیڈر منوج جرانگے پاٹل کے خلاف غیر ضمانتی گرفتاری وارنٹ (این بی ڈبلیو) کو منسوخ کر دیا ہے۔ تاہم، عدالت نے انہیں عوامی طور پر بیانات دیتے وقت محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔ پونے کے فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ اے سی بیراجدار نے 24 جولائی کو 11 سال پرانے فراڈ کیس میں منوج جرانگے پاٹل کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ (این بی ڈبلیو) جاری کیا تھا، جو مراٹھا کوٹہ ایجی ٹیشن کی قیادت کر رہے ہیں۔ وہ کیس میں بارہا سمن بھیجے جانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے، اس لیے ان کے خلاف یہ وارنٹ جاری کیا گیا۔ گرفتاری کے خدشہ کے درمیان جرانگے پاٹل کی قانونی ٹیم نے عدالت کو یقین دلایا تھا کہ وہ 2 اگست کو ہونے والی اگلی سماعت میں حاضر رہیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مجسٹریٹ سے ناقابل ضمانت وارنٹ کو منسوخ کرنے کی بھی درخواست کی تھی۔ جرانگے پاٹل، جو پچھلے کچھ دنوں سے بیمار تھے، جمعہ کی صبح چھترپتی سمبھاجی نگر سے ایمبولینس کے ذریعہ پونے پہنچے اور عدالتی کارروائی میں شرکت کی۔ مجسٹریٹ نے ان کی سرزنش کی۔ ان کے وکیل ہرشد نمبالکر نے میڈیکل ریکارڈ پیش کئے اور انہیں پڑھنے کے بعد مجسٹریٹ نے غیر ضمانتی وارنٹ کو منسوخ کر دیا۔