بھوپال، 3 مارچ (رپورٹر) مدھیہ پردیش میں 968 تھانوں سمیت ، ریاست کے تمام آئی جی، ڈی آئی جی اور ایس پی نے اتوار کو جن سمواد (عوام سے مذاکرہ) کیا۔ انہوں نے پولیس کے رویے کو لیکر عوام سے رائے لی۔ ڈی جی پی سدھیر سکسینہ بھوپال کے اشوکا گارڈن تھانہ علاقے کی گرین پارک کالونی پہنچے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے تمام افسران بشمول آئی جی، ڈی آئی جی، ایس پی نے جن سمواد (عوامی مذاکرہ) پروگرام میں حصہ لیا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ گزشتہ دنوں پولیس محکمہ کی جائزہ میٹنگوں میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے جرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس کے ساتھ عام لوگوں کی فعال شراکت کو یقینی بنانے کے مقصد سے جن سمواد کی ہدایات دی تھیں۔ اس کا مقصد بدمعاشوں میں دہشت پیدا کرنا اور عام لوگوں میں اعتماد پیدا کرنا ہے۔
ڈی جی پی سدھیر سکسینہ اشوک گارڈن کی گرین پارک کالونی پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پولیس کی وردی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ شہریوں کی خدمت کے لیے ملی ہے۔ وردی پہننا تب ہی معنی خیز ہوگا جب ہم عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کا مل کر کام کرنا انتہائی ضروری ہے۔ سی سی ٹی وی لگانے کے عام لوگوں کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ پوری ریاست میں منصوبہ بندی کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ جرائم پر موثر کنٹرول ممکن ہو سکے۔
توقعات پر پورا اترنے کے لیے منعقد کیے گئے جن سمواد پروگرام میں تھانہ صدر کے علاقے کے عوامی نمائندوں، معزز شہریوں، دانشوروں، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز، وکلاء، ماہرین تعلیم، مختلف تجارتی انجمنوں کے نمائندوں، عام لوگوں سے متعلقہ تنظیموں کے نمائندوں وغیرہ نے شرکت کی اور انہوں نے رہائشی علاقوں میں سیکورٹی کے ماحول، پولیس سے ان کی توقعات، سیکورٹی سے متعلق مسائل اور تجاویز کی جانکاری لی اور پولیس کے کام کاج کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اشوکا گارڈن تھانہ علاقہ کی گرین پارک کالونی میں منعقدہ ’’پولیس پبلک ڈائیلاگ‘‘ میں پولیس کمشنر بھوپال ہری نارائناچاری مشرا نے عام لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت کسی بھی قسم کے مسئلہ کو حل کرنے کا ایک بہتر طریقہ ہے۔ مدھیہ پردیش پولیس کے ذریعہ ریاست بھر میں منعقدہ عوامی مذاکرہ کے ذریعہ مقامی مسائل کو جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو حفاظت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔