بھوپال، 11 فروری (رپورٹر) مدھیہ پردیش کے جبل پور اور امریا میں اتوار کی صبح بارش ہوئی۔ جبل پور میں برگی تحصیل کے سوہڑ گاؤں میں بھی 2 منٹ تک اولے گرے۔ سیونی اور منڈلا میں 4 منٹ تک ژالہ باری ہوئی۔ یہاں فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مدھیہ پردیش میں آئندہ تین دن بادل بارش اور آندھی چلنے کے آثار ہیں۔ شمالی ہواوں کے باعث درجہ حرارت میں اتار چڑھاو آ رہا ہے۔ فی الحال سائکلونک گردش جنوبی گجرات کے ارد گرد سرگرم ہے۔ ٹراف لائن بھی گزر رہی ہے۔ اس سے مدھیہ پردیش بھی متاثر ہوا ہے۔ 14 فروری سے شدید سردی کا دور دوبارہ شروع ہوگا۔ رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس کی کمی ہو سکتی ہے۔ نرمداپورم، جبل پور اور شہڈول ڈویژن میں الگ الگ مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔ 12 فروری کو شہڈول اور جبل پور ڈویژن میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ تیز ہوا چلنے کی بھی پیشین گوئی ہے۔ یہ نظام 13 فروری کو کمزور ہو جائے گا، لیکن ریوا اور ساگر ڈویژن میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
اتوار کی رات دتیا میں ریاست کا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔ کم سے کم پارہ 5.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کھجوراہو 7، نوگاوں 8.5، ریوا 9.4، دھار 9، گنا 9، راج گڑھ 8.2 اور گوالیار میں درجہ حرارت 6.9 ڈگری رہا۔ چھندواڑہ میں رات کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں درجہ حرارت 14.9 ڈگری تھا۔ منڈلا میں پارہ 14.4، نرمداپورم میں 14.2، اندور میں 13، کھنڈوا میں 13.4 اور بیتول میں 14.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔