بھوپال۔13 فروری (شہری نمائندہ) ریاست کی بی جے پی حکومت کے جبری احکامات کی وجہ سے عام لوگ پریشانی میں ہیں۔ لیبر قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دکانیں رات 11 بجے بند کرنے کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔ دوہرے معیار کے اس نظام کو فوری بند کیا جائے۔کانگریس ایم ایل اے عارف مسعود نے منگل کو اسمبلی میں یہ بات کہی۔ انہوں نے رات گیارہ بجے مارکیٹ بند کرنے کے اصول کو دوہرا معیار قرار دیتے ہوئے اسے لیبر قانون کے منافی قرار دیا۔ مسعود نے کہا کہ بھوپال میں انتظامیہ کی طرف سے دکانیں رات گیارہ بجے بند کرائی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے دکانداروں، عام لوگوں، طلباء، مزدوروں سمیت سبھی کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عارف مسعود نے اسمبلی میں یہ مسئلہ اٹھایا۔ انتظامیہ کی جانب سے لیبر قوانین کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی ہے جبکہ اس قانون میں رات 12 بجے تک دکانیں کھولنے کا تحریری حکم موجود ہے۔ لیکن اس کو نظر انداز کرتے ہوئے پولیس انتظامیہ کے لوگ رات 10 بجے ہی دکانیں بند کرانے آجاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے صرف نائٹ ٹریڈنگ کرنے والے چھوٹے تاجروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔