پٹنہ، 18 جنوری (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی صدر لالو پرساد یادو نے کہا ہے کہ جس سوشلزم، سیکولرازم اور سماجی انصاف کے اصولوں کو لے کر آر جے ڈی کی تشکیل ہوئی تھی، اسے قائد حزب اختلاف تیجسوی پرساد یادو آگے بڑھا رہے ہیں۔ آر جے ڈی کی قومی ایگزیکٹو کی میٹنگ ہفتہ کو مسٹرلالو یادو کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر آر جے ڈی صدر نے کہا کہ تیجسوی بہت محنت کر رہے ہیں۔ اب تک وہ ہزاروں کلومیٹر کی یاترا کر چکے ہیں۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ جس سوشلزم، سیکولرازم اور سماجی انصاف کے اصولوں کو لے کر آر جے ڈی کی تشکیل ہوئی تھی اسے وہ آگے بڑھارہے ہیں۔ مسٹر تیجسوی نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کا جنرل کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آر جے ڈی بہت مشکل حالات میں بنی تھی۔ پارٹی قائدین سے رکنیت سازی کی بھرپور مہم چلانے کے ساتھ ہی ہر بوتھ پر کم ازکم دو فعال ممبر بنانے کے لئے سنجیدگی سے لینے کو کہا۔ انہوں نے ہر بوتھ پر بوتھ کمیٹی کی تشکیل کو یقینی بنانے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی تقسیم نہیں ہوگی۔ پارٹی کے لیے کام کرنے والوں کو ہی پارٹی میں ذمہ داری دی جائے گی اور انہیں مناسب احترام دیا جائے گا۔ پارٹی میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔