سری نگر، 17 فروری (یو این آئی) عظیم سچن تندولکر نے ہفتہ کو جنوبی کشمیر میں ایک بلے کی تیاری کے یونٹ کا دورہ کیا، جس سے صنعت کو کافی فروغ ملنے کا امکان ہے۔ تندولکر، ان کی اہلیہ انجلی اور بیٹی سارہ نے ہفتہ کو چارسو اونتی پورہ میں ایم جے اسپورٹس بیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا دورہ کیا اور تقریباً ایک گھنٹہ گزارا۔
ایم جے اسپورٹس کے مالک محمد شاہین نے یو این آئی کو بتایا، “تندولکر کے دورے سے کشمیر ولو بیٹ کو کافی فروغ ملے گا، جن کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ کرکٹ لیجنڈ کے پاس کشمیر کے کرکٹ بلے کے بارے میں کافی معلومات تھیں اور کچھ سوالات بھی تھے۔ وہ ہمارے کرکٹ بلے کے معیار سے بے حد متاثر تھے۔تندولکر کم از کم ایک گھنٹہ بیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ میں رہے۔ جنوبی کشمیر میں 300 سے زائد بیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ ہیں جو ملک کے اندر اور باہر تقریباً 40 لاکھ کرکٹ بلے سپلائی کرتے ہیں۔2022 کے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹورنامنٹ کا سب سے طویل چھکا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے بلے باز جنید صدیقی نے ضلع اننت ناگ میں واقع جی آر 8 اسپورٹس کے تیار کردہ کشمیر ولو بیٹ سے لگایا تھا۔