لکھنو4مارچ: اترپردیش میں اساتذہ بھرتی کے امیدوار سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر پر سخت ناراض ہوگئے ہیں۔ دراصل اوم پرکاش راج بھر کا ایک بیان وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اساتذہ بھرتی میں ریزرویشن کے معاملے پر احتجاج کرنے والے امیدواروں کو لات کھانے کے قابل کہہ دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی، جس پر احتجاج کر رہے امیدواروں کا غصہ پھوٹ پڑا ہے۔ امیدواروں نے راج بھر کو جم کر نشانہ بنایا ہے۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق اوم پرکاش راج بھر کے انٹرویو کا 6 سیکنڈ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ احتجاج کرنے والے طلباء لات کھانے کی ہی لائق ہیں۔ اس ویڈیو کو سماج وادی اور کانگریس کے کئی لیڈروں نے شیئر کیا ہے اور راج بھر کے بیان کی مذمت کی ہے۔ راج بھر کے اس بیان پر اساتذہ بھرتی کے امیدوار امریندر پٹیل نے اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے کہا ہے کہ ’’ ہم 620 دنوں سے اساتذہ بھرتی میں ریزرویشن کو لے کر بے ضابطگیوں کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ ہم بی جے پی، اپنا دل، سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی، سنجے نشاد کے پاس پچاسوں بار گیے ہوں گے لیکن سب لوگوں نے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کی۔ سب نے ہمیں نا امیدی دی، سب ہمارے ساتھ ایسا سلوک کر رہے تھے گویا یوپی حکومت میں ان کی کچھ نہیں چلتی۔‘