نئی دہلی3اکتوبر: ایک بار پھر کچھ اسکولوں و کالجوں میں بم دھماکہ کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس مرتبہ معاملہ تمل ناڈو میں سامنے آیا ہے جہاں تیروچیراپلی ضلع کے 2 نجی خود مختار کالجوں کے علاوہ 7 اسکولوں کو بروز جمعرات ای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔ پولیس کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق سینٹ جوزف کالج اور ہولی کراس کالج کے علاوہ کیمپین اینگلو انڈین ہائیر سیکنڈری اسکول، سمدھا ہائیر سیکنڈری اسکول، مونٹفورٹ اسکول، آچاریہ شکشا مندر اسکول، راجم کرشنامورتی پبلک اسکول اور امرتا ودیالیم اسکول کو آج صبح ایک ای میل موصول ہوئی جس میں دھمکی دی گئی کہ وہاں کسی بھی وقت بم دھماکہ ہو سکتا ہے۔
مذکورہ تعلیمی اداروں میں بم دھماکہ کی دھمکی کی خبر ملتے ہی سینئر پولیس افسران نے تمل ناڈو بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ڈی ایس) اور تمل ناڈو فائر اینڈ ریسکیو سروسز ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے ساتھ الگ الگ ٹیمیں تشکیل دیں۔ پھر ان ٹیموں نے متعلقہ تعلیمی اداروں کے احاطے کی مکمل تلاشی لی۔ اس تلاشی مہم میں کتوں کی بھی خدمات حاصل کی گئیں۔ فی الحال کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا ہے، تاہم تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس کو شبہ ہے کہ بم کی دھمکی محض افواہ ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ای میل بھیجنے والے کا نام سویتا بالاکرشنن ظاہر کیا گیا ہے۔ سائبر کرائم ونگ پولیس کی جانب سے تفصیلی تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اصل بھیجنے والا کون ہے۔ یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے کہ کیا یہ ای میل مزید کسی تعلیمی ادارہ کو بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 29 اگست کو ایروڈ میں مقیم انڈین پبلک اسکول اور سیلم، تیروچیراپلی اور ترونیل ویلی میں واقع اس کے کیمپس کو بم کی جعلی دھمکیوں کے ای میل موصول ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں مدورائی کے 4 سی بی ایس ای اسکولوں کو 30 ستمبر کو اسی طرح کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔