ممبئی، 3 جنوری (یو این آئی) بامبے ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام اہل خواتین کے لیے ’’مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن یوجنا ‘‘کے فوائد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ یہ حکم اُس وقت آیا جب عدالت ریاست میں اس اسکیم کے نفاذ کے حوالے سے ایک عرضی کی سماعت کر رہی تھی۔ مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن یوجنا” کا مقصد مہاراشٹر کی معاشی طور پر کمزور خواتین کو ماہانہ مالی امداد فراہم کرنا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس سے پہلے ریاستی حکومت نے اسکیم کے تحت درخواستوں پر غور کرنے کے لیے 11 ایجنسیوں کو مقرر کیا تھا، لیکن اب صرف آنگن واڑی مراکز کو درخواستوں پر کارروائی کا اختیار دیا گیا ہے۔وکیل نے تبدیل شدہ اسکیم کے تحت درخواستوں پر کارروائی کے بارے میں خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت مالی امداد اب 1500 روپے سے بڑھا کر 2100 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے، اور اس کے باوجود درخواستوں میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ریاست کے وکیل نے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ درخواستوں میں کمی آئی ہے، اس لیے صرف آنگن واڑی مراکز کو ہی درخواستوں پر غور کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس امیت بورکر کی ڈویژن بنچ نے ریاست کے حلف نامہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کافی اقدامات کیے گئے ہیں کہ اہل خواتین اس اسکیم کے فوائد حاصل کر سکیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ 11 ایجنسیوں کے بجائے صرف آنگن واڑی مراکز کو درخواستوں پر کارروائی کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جو درخواستوں کی کمی کی وجہ ہے۔