حیدرآباد17فروری: تلنگانہ میں ایک انتہائی حیران کرنے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں کچھ نامعلوم افراد نے رات اندھیرے فائرنگ کر کے بڑی تعداد میں کتوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔ واقعہ محبوب نگر ضلع کا بتایا جا رہا ہے جہاں تقریباً 25 کتوں کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ کچھ نقاب پوش افراد نے انجام دیا ہے جس سے علاقے کے لوگ حیرت میں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رات کے اندھیرے میں نکلے نقاب پوش شخص نے کتوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیوں کی آواز سن کر لوگ گھروں سے باہر نکلنے کی ہمت نہیں کر سکے۔ صبح جب لوگ باہر نکلے تو دیکھا کہ بڑی تعداد میں کتے مرے پڑے تھے۔ کئی کتے زخمی بھی تھے جو تکلیف میں بھونکتے دکھائی دیے۔ پولیس نے اس متعلق سے معاملہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات بھی شروع کر دی ہے۔ کتوں کو رات کی تاریکی میں ہلاک کرنے کا یہ معاملہ محبوب نگر ضلع کے اڈاکلا ڈویژن واقع پوناکل گاؤں میں پیش آیا ہے۔ یہ گاؤں قومی شاہراہ سے محض 2 کلومیٹر دور ہے۔ جمعرات کی شب جب گاؤں کے لوگ سو رہے تھے، تبھی اسلحوں کے ساتھ علاقہ میں پہنچے حملہ آوروں نے اس قتل عام کو انجام دیا۔ جب حملہ آوروں نے کتوں پر گولیاں برسائیں تو کتے چیختے ہوئے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔ مویشی پروری محکمہ نے مردہ کتوں کا پوسٹ مارٹم کرایا ہے۔ اسٹرے انیمل فاؤنڈیشن آف انڈیا کے ایک کارن ادلپورم گوتم کا اس واقعہ کے تعلق سے کہنا ہے کہ نصف شب کے بعد کچھ نقاب پوش لوگ کار میں آئے تھے اور بندوق سے کتوں پر گولی باری کی۔ اس واقعہ میں تقریباً 25-20 کتے مارے گئے اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہم نے اس واقعہ کی شکایت پولیس افسران سے کی ہے۔ نقاب پوش حملہ آوروں نے بڑی تعداد میں کتوں کو کیوں مارا، اس سلسلے میں کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ جائے حادثہ پر ملے خالی کارتوسوں کی شناخت کرنے سمیت دیگر ثبوت حاصل کرنے کے لیے ایک ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دو کتوں کی موت بندوق کی گولی کے زخم کے بغیر ہوئی، جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ وہ زہر کے سبب مر گئے ہوں گے۔