تعلیم سے ہی ملک و قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا :سابق ڈی جی پی ارون گٹروسماج کو تعلیم سے جوڑنے میں میکیپس ادا کر رہی ہے بنیاد کا کردار:ڈاکٹر صنوور پٹیل

0
3

بھوپال، 3 نومبر(پریس نوٹ) مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سو سائٹی کے زیر اہتمام بھوپال رویندر بھون میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام کا آغاز حسب روایت تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔قاری حافظ محمد خالد ندوی نے نہ صرف قرآن کریم کی تلاوت بلکہ آیت کا مفہوم بھی اورد زبان میں پیش کیا۔ پروگرام کے پہلے حصہ میں مختلف اسکولوں کے طلباء کے بیچ کوئز کمپٹیشن کا اہتمام کیا گیا۔ کوئز مقابلے میں بھوپال کے پچپن اسکول کے طلباء نے شرکت کی اور اپنی معلومات سے سامعین کو انگشت بدنداں کردیا ۔کوئز مقابلے میں اینکرنگ کے فرائض ممتاز کوئز ماسٹر عامر محبوب نے ادا کیے ۔
مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سو سائٹی کے اس پروگرام میں طلباء کو اسکالر شپ کے چیک بھی تقسیم کیے گئے ۔اس موقعے پر میکپس کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ظفر حسن نے نہ صرف سو سائٹی کی انتالیس سالہ کار كردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی بلکہ انہوں نے سو سائٹی کے ذریعہ طلباء کی ہمہ جہت شخصیت کو منظر عام پر لانے کے لیے سو سائٹی کی ذریعہ کی جانے والی کوششوں کی بھی تفصیل پیش کی۔ڈاکٹر ظفر حسن نے سو سائٹی کے ذریعہ چلائے جانے والے بک بینک کی بھی تفصیل پیش کی ۔
پروگرام کے مہمانان خصوصی میں دو ممتاز شخصیت کو مدعو کیا گیا تھا ۔مہمان خصوصی ڈاکٹر صنوور پٹیل نے مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سو سائٹی کی کار کردگی کو بے مثل قرار دیتے ہوئے اسلام میں تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی ۔ڈاکٹر صنوور پٹیل نے مسلم سماج میں تعلیم کی روشنی کو عام کرنے کے لئے میکیپس کی کوششوں کو وقت کی ضرورت سے تعبیر کیا ۔
پروگرام کے دوسرے مہمان خصوصی مدھیہ پردیش کے سابق ڈی جی پی ارون گٹرو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس سماج میں مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سو سائٹی جیسے فعال ادارے ہیں اس سماج کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے ۔اورن گٹرو نے کہا کہ قوم و ملک کی تعمیر و ترقی میں تعلیم بنیاد کا کردار ادا کرتی ہے اور اس ادارے کو اپنا دائرہ بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کی کوششوں سے زیور علم سے آراستہ ہو سکیں ۔
اس موقعے پر ادارے کے صدر پروفیسر حسن مسعود نے اپنے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے مسلم سماج سے اپنی ترجیحات کو بدلنے اور تعلیم کے حصول کو زندگی کا بنیادی مقصد بنانے پر زور دیا ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوئز کمپٹیشن سے قبل طلباء کے بیچ تحریری امتحان کیا گیا جس میں کامیاب ہونے والے سولہ طلباء کی چار ٹیمیں بناکر کوئز کمپٹیشن کا اہتمام کیا گیا ۔مقابلے میں سرو پلی رادھا کرشنن ٹیم کو اول , اے پی جے ابو الکلام ٹیم کو مقابلے میں دوئم اور ڈاکٹر شنکر دیال شرما ٹیم کو کوئز کمپٹیشن میں تیسرے انعام سے نوازہ گیا ۔اس موقعے پر دسویں اور بارہویں بورڈ کے امتحان میں پچاسی فیصد سے زیادہ نمبر لانے والے 88 طلباء اور طالبات کو مومنٹو اور سرٹیفکیٹ دئیے گئے ۔
پروگرام کے آخر میں 471 طلباء کو ستائیس لاکھ کی اسکالرشپ کے چیک تقسیم کئے گئے۔پروگرام میں ارشد علی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔