تریپورہ 23اگست: تریپورہ میں گزشتہ چند دنوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور دو لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ایک سینئر افسر نے یہ اطلاع دی۔ عہدیدار نے کہا کہ 65400 لوگوں نے ریاست میں 450 ریلیف کیمپوں میں پناہ لی ہے کیونکہ ان کے مکانات شدید بارشوں کی وجہ سے تباہ ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ سانتربازار کے اشونی تریپورہ پاڑہ اور دیبی پور میں مٹی کے تودے گرنے سے 10 افراد ملبے تلے دب گئے۔ انہوں نے کہا، ’’میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ریاستی حکومت نے ہر مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔‘‘ اس سے قبل محکمہ ریونیو کے سکریٹری برجیش پانڈے نے کہا تھا کہ ریاست میں شدید بارش کے بعد 12 افراد کی موت ہوئی ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا، ’’اب تک 12 لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور دو لاپتہ ہیں۔ ابتدائی رپورٹوں میں بنیادی ڈھانچے اور زرعی فصلوں کے ساتھ ساتھ گھروں اور مویشیوں کو بھی نقصان ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ریاست میں تقریباً 17 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔‘‘ پانڈے نے کہا کہ ,032 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع ملی ہے، جن میں سے 1789 مقامات کو صاف کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر مقامات پر بحالی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے گومتی اور جنوبی تریپورہ اضلاع میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے دو ہیلی کاپٹر فراہم کیے ہیں۔ آسام رائفلز نے ایک بیان میں کہا کہ ریاست بھر سے 750 سے زیادہ لوگوں کو نکالا گیا ہے۔