نئی دہلی 27اپریل: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اب تک تریپورہ کے سیکورٹی اہلکاروں سمیت 26 سرکاری ملازمین کو سیاسی پروگراموں، انتخابی مہموں میں حصہ لینے اور مثالی ضابطہ اخلاق یعنی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کر دیا ہے۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر پنیت اگروال نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔ ایک مزید انتخابی افسر نے بتایا کہ دو اسکول اساتذہ اور تریپورہ اسٹیٹ رائفلز کے ایک رائفل مین کو جمعہ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کر دیا گیا۔ دریں اثنا، متعلقہ حکام نے جمعہ کو سورما اسمبلی حلقہ میں تعینات پولنگ افسر موشومی گھوش کو ملک کے ایک اعلیٰ سیاسی رہنما کے خلاف ریمارکس کرنے پر معطل کر دیا۔ تاہم، معطلی کا حکم جمعہ کی شام کو واپس لے لیا گیا۔ الیکشن حکام نے کہا کہ کمیشن نے کئی مواقع پر سرکاری ملازمین، خاص طور پر الیکشن سے متعلق فرائض میں مصروف افراد سے کہا ہے کہ وہ غیر جانبدار رہیں اور اپنے انتخابی فرائض کو مکمل تقدس کے ساتھ انجام دیں۔ خیال رہے کہ تریپورہ ویسٹ لوک سبھا سیٹ کے لیے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی، جبکہ تریپورہ ایسٹ (ایس ٹی) پارلیمانی حلقے کے لیے جمعہ کو دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوئی۔