بھوپال:14اگست :وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ ترنگا ہماری آن- بان – شان کی علامت ہے۔ وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی نے ہر گھر ترنگا مہم کے ذریعے پورے ملک کو حب الوطنی اور آزادی کے جذبے میں غرق ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ترنگے میں موجود چکرملک کی ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیر اعظم مسٹرمودی کی قیادت میں ہم نے ملک کو دنیا کی پانچویں معیشت میں شامل کیا ہے۔ ملک کی طاقت اور خاص طور پر نوجوانوں کی صلاحیت سے ہم جلد ہی دنیا کی تیسری معیشت بن جائیں گے۔ یوم آزادی کی اہمیت ہمارے تمام بڑے تہواروں ہولی اور دیوالی سے زیادہ ہے، اس لیے ہر گھر میں ترنگا لہرانا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ہر گھر ترنگا ابھیان کے تحت کرم شری سنستھا کی جانب سے کولار روڈ پر واقع مدر ٹریسا اسکول سے نکالی جا رہی ترنگا یاترا کے افتتاح کے موقع پر ترنگا یاترا کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے جن گن من کے قومی ترانے سے یاترا کا آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جیپ میں سوار ہو کر ترنگا لہراتے ہوئے یاترا کی قیادت کی۔ اس موقع پر ایم ایل اے مسٹررامیشور شرما سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی کی قیادت میں ہم اپنی ذہنی صلاحیت، محنت اور کارکردگی کی بنیاد پر ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ ریاست نے کھیتی- کسانی میں مسلسل ترقی کی ہے۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے صنعتی سرگرمیوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی قیادت میں موٹر سائیکلوں پر سوار نوجوان ترنگا لہراتے ہوئے یاترا میں آگے بڑھ رہے تھے۔ سڑک کے دونوں جانب کھڑے اسکولی بچے ترنگا لہرا کر اور وندے ماترم اور بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگا کر ترنگا یاترا کا استقبال کر رہے تھے۔ کولار روڈ پر مختلف مقامات پر سماجی تنظیموں، کاروباری تنظیموں، سماجی کارکنوں اور خواتین کی تنظیموں کے پلیٹ فارم سے ترنگا یاترا کا تہہ دل سے خیر مقدم کیا۔ یاترا کے دوران ڈیوٹی پر مامور پولس کانسٹیبل بھی اپنی موٹرسائیکلوں پر ترنگا لہرا کر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ یاترا کے راستے پر دکانوں اور مکانات کے علاوہ گاڑیوں کو بھی ترنگے سے سجایا گیا تھا۔ نتیجتاً ترنگا یاترا کی وجہ سے علاقہ کا پورا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے معمور ہو گیا۔