وارانسی:25نومبر(یواین آئی)وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو کہا کہ نوجوان صلاحیت کو نظرانداز کر کے کوئی ملک کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ادئے پرتاپ کالج کے 115ویں یوم قیام کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کی طاقت کے جذبات کو احترام اور مناسب موقع دینا ہوگا۔ جس ملک کے نوجوان مایوس، مجرم اور کنفیوژ ہوں وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ جب بھی تبدیلی آئی یا آئے گی، صرف نوجوان طاقت ہی کرے گی۔ اداروں کو نوجوانوں کی طاقت کو مرکز کے طور پر رکھ کر خود کو تیار کرنا ہو گا۔ یوگی نے کہا کہ یوپی کالج تعلیمی دنیا کا ستارہ ہے۔ ایک صدی میں تعلیمی میدان اور زندگی کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کالج کی طرف سے کیے گئے کام کے لیے ریاست اور ملک عاجزی کے ساتھ اظہار تشکر کرتے ہیں۔ ادے پرتاپ سنگھ جودیو نے 1909 میں بابا وشواناتھ کے مقدس مقام پر جو بنیاد رکھی تھی وہ ان کی عظیم شخصیت کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے ذہن میں یہ احساس ضرور تھا کہ قوم پرستی سے لبریز مستقبل کے ہندوستان کی تعمیر کے لیے ایک ایسا تعلیمی تربیتی ادارہ فراہم کرنا ہوگا جو تحریک آزادی کو رفتار دے سکے اور ضرورت پڑنے پر ہر ایک میدان میں ملک کو اہل شہری بھی فراہم کرسکے۔یہاں سے تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ گریجویٹس، پوسٹ گریجویٹ، کھلاڑی ، زراعت، ڈیری وغیرہ سمیت ہر شعبے میں پائے جاتے ہیں۔