کلانگ، 31 مئی (یو این آئی) ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کی نوجوان ہندوستانی بیڈمنٹن جوڑی نے جمعہ کو جنوبی کوریا کی کٹ سو ینگ اور کانگ ہی یونگ کی جوڑی کو شکست دے کر سنگاپور اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔آج یہاں بی ڈبلیو ایف سپر 750 ٹورنامنٹ میں ہندوستانی جوڑی نے جنوبی کوریا کی کم سو ینگ اور کانگ ہی یونگ کی جوڑی کو 79 منٹ تک جاری رہنے والے انتہائی دلچسپ کوارٹر فائنل مقابلے میں 18-21، 21-19، 24-22 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ہندوستانی خواتین کے ڈبلز کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ کوریا کی کم کانگ کی جوڑی نے پہلے گیم میں برتری کے ساتھ ترشا گایتری کی جوڑی پر دباؤ بنایا۔ اگرچہ ایک وقت میں کھیل 4-4 سے برابر تھا لیکن اس کے بعد کوریائی جوڑی نے برتری کے ساتھ پہلے گیم میں اپنی گرفت مضبوط کرلی۔تریشا اور گایتری کی ہندوستانی جوڑی نے پوائنٹس کا فرق کم کیا لیکن وہ پہلے گیم میں برتری حاصل نہ کرسکی اور میچ میں 1-0 سے پیچھے رہنا پڑا۔میچ کے دوسرے گیم میں کانٹے کی ٹکر دیکھنے کو ملی۔ اس گیم میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، پہلے ہندوستانی جوڑی نے 7-3 کی برتری کے ساتھ شاندار آغاز کیا۔ اس کے بعد کم کانگ کی کوریائی جوڑی نے جوابی حملہ کرتے ہوئے 11-9 کی برتری حاصل کر لی۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گیم کو 19-19 کی برابری پر پہنچاکر میچ میں واپسی کی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے لگاتار دو پوائنٹس حاصل کرکے دوسرا گیم جیت کر میچ 1-1 سے برابر کردیا۔دونوں ٹیمیں میچ کا تیسرا اور فیصلہ کن گیم جیت کر مقابلے کے سیمی فائنل میں داخل ہونے کے لیے کوشاں تھیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے اپنی لے برقرار رکھتے ہوئے 5-3 کی برتری حاصل کرلی۔ اس کے بعد ترشا-گایتری کی جوڑی نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ میچ کا سب سے دلچسپ لمحہ اس وقت آیا جب دونوں ٹیمیں 20-20 سے برابر ہوگئیں۔ یہاں سے کسی بھی ٹیم کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے لگاتار دو پوائنٹس حاصل کرنے تھے۔اس کے بعد ڈیوس اور میچ پوائنٹس کا سلسلہ شروع ہوا اور گیم 22-22 تک پہنچ گیا لیکن آخر میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے لگاتار دو پوائنٹس حاصل کرکے گیم کو 24-22 سے اپنے نام کرتے ہوئے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔