رانچی 2اپریل:منی لانڈرنگ معاملہ میں جیل میں بند جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی بیوی کلپنا سورین نے منگل کے روز دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ’’تاناشاہی طاقتوں کا قلعہ منہدم ہونا شروع ہو گیا ہے۔‘‘ یہ بیان کلپنا سورین نے سپریم کورٹ کے ذریعہ عآپ لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ کو دہلی آبکاری پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت ملنے کے فوراً بعد دیا ہے۔ کلپنا سورین نے سنجے سنگھ کو ضمانت ملنے پر ان کی بیوی انیتا سنگھ اور کنبہ کے دیگر اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس پوسٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’تاناشاہی طاقتوں کا قلعہ منہدم ہونے کی شروعات ہو گئی ہے۔ عآپ لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ جی نے بے انصافی والی قید کے خلاف ایک بڑی جنگ جیت لی ہے۔ یہ سچائی اور جدوجہد کی جیت ہے۔ یہ ’انڈیا‘ کی جیت ہے۔‘‘ یہ بیان کلپنا سورین نے اپنے شوہر اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے ’ایکس‘ ہینڈل سے پوسٹ کیا ہے۔ دراصل ہیمنت سورین کی گرفتاری کے بعد سے ہی ان کی بیوی کلپنا سورین سرگرم ہو گئی ہیں اور ان کے سوشل میڈیا ہینڈل سے لگاتار کچھ نہ کچھ پوسٹ کر رہی ہیں۔ 31 مارچ کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں ’انڈیا‘ اتحاد کی ہوئی مہاریلی میں بھی کلپنا سورین شریک ہوئی تھیں اور اس کی تصویریں ہیمنت سورین کے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر بھی کی گئی تھیں۔ تصویریں شیئر کرنے کے ساتھ ہی کلپنا سورین نے لکھا تھا ’’جھارکھنڈ جھکے گا نہیں، انڈیا جھکے گا نہیں۔‘‘