دھار، 26 مارچ (ہ س)۔ ضلع کے مانڈو تھانہ علاقے میں پیر کی رات ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ تیز رفتار کار بے قابو ہو کر الٹ گئی، دو افراد جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے دو لوگوں کو تشویشناک حالت میں اندور ریفر کیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تفتیش شروع کردی ہے۔معلومات کے مطابق پیر کو ہولی کھیلنے کے بعد دھار کے کچھ نوجوان نرمدا میں نہانے کے لیے ارٹیگا کار میں مہیشور کے تروینی سنگم گئے تھے۔ وہاں سے واپس آتے ہوئے رات تقریباً 11 بجے ان کی کار مانڈو کے گیان پورہ گاوں میں نالچھا کے قریب بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا۔نالچھا تھانہ انچارج ابھے نیما نے بتایا کہ کار میں چھ افراد سوار تھے۔ حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی ہے، جب کہ چار افراد شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سے دو کو تشویشناک حالت میں اندور ریفر کیا گیا ہے۔ دیگر ضلع اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت دیپک سندھی اور انکیت راٹھور کے طور پر ہوئی ہے جو کہ دھار کے رہنے والے ہیں۔ پولیس نے منگل کو پوسٹ مارٹم کے بعد متوفیان کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔