اٹاوہ:08جنوری(یواین آئی)سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے نیشنل سکریٹری شیوپال سنگھ یادو نے پیر کہا کہ بی جے پی ایسا سوچتی ہے کہ بھگوان شری رام اکیلے اس کے ہی ہیں جبکہ بھگوان شری رام کے پیرو کار نہ صرف ہر سماج کے لوگ ہیں بلکہ مریاد پروشتم کو دنیا بھر میں پوجا جاتا ہے۔ سیفئی میں نیتا جی ملائم سنگھ کے بال سکھا رام بہادر مشر کی 89 ویں جینتی پر منعقد کمبل تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یادو نے کہا بی جے پی ایسا جتا رہی ہے کہ بھگوان شری رام صرف انہیں کے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھگوان شری رام سب کے ہیں۔ ہم سبھی لوگ بھگوان شری رام کو مانتے ہیں۔ ہمیں تو لگتا ہے سب سے زیادہ غریب،پچھڑے، دلت محروم طبقات کے لوگ سب سے زیادہ بھگوان کو مانتے ہیں۔جتنے پیسے والے مالدار لوگ ہیں وہ ایک بار پھر بھی بھگوان کا نام نہیں لیتے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ووٹ کے لئے صبح سے شام تک صرف اشتہار کر کے سرکاری رقم خرچ کرنے میں مصروف ہے جبکہ سرکاری پیسے کا استعمال غریب و محروم طبقات کے لوگوں کی مدد کے لئے ہونا چاہئے تھا وہ نہیں ہوپارہا ہے۔ حکومت فضول خرچی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف ملک کے پانچ بڑے سرمایہ کاروں کے لئے کام کررہی ہے۔ بیرون ملک سے قرضہ لے کرحکومت چلائی جارہی ہے۔2014 سے پہلے اس ملک پر منموہن سنگھ وزیر اعظم تھے۔ اس وقت ملک پر 56ہزار لاکھ قرض تھا جو آج تقریبا 256 ہزارکروڑ ہوگیا ہے۔اگر ملک میں یہی حالت رہی تو ایک دن شری لنکا جیسے حالات ہوجائیں گے۔