بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی انل جھا عآپ میںشامل کیجریوال کی تعریف

0
1

نئی دہلی 17نومبر:دہلی میں اتوار کو دو اہم سیاسی واقعات رونما ہوئے۔ پہلے دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ اور سابق وزیر سیاحت کیلاش گہلوت نے عام آدمی پارٹی کو چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی اور اروند کیجریوال پر کئی سنگین الزامات عائد کیے۔ دوسری جانب بی جے پی کے سینئر لیڈر اور کِراڑی سے دو بار کے رکن اسمبلی انل جھا نے بی جے پی کو خیر باد کہہ کر عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ انل جھا کی شمولیت پر اروند کیجریوال نے ان کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا اور انہیں پوروانچل کا ایک بڑا لیڈر قرار دیا۔ کیجریوال نے کہا، ’’انل جھا نے دہلی کی ہر بستی میں زبردست کام کیا ہے اور پوروانچل کے لوگوں کو ایک باوقار زندگی دی ہے۔ بی جے پی بتائے کہ انہوں نے دہلی میں پوروانچل کے لوگوں کے لیے کیا کیا؟‘‘ عآپ میں شمولیت کے بعد انل جھا نے کہا، ’’پوروانچل کے لیے اگر کسی نے حقیقی طور پر کام کیا ہے تو وہ اروند کیجریوال ہیں۔ گزشتہ 10 سالوں میں انہوں نے پینے کا صاف پانی ہر گھر تک پہنچایا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ انل جھا بی جے پی کی ٹکٹ پر 2008 اور 2013 میں کِراڑی سے اسمبلی انتخابات جیت چکے ہیں۔ دوسری طرف کیلاش گہلوت نے استعفیٰ دیتے ہوئے عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو خط لکھا، جس میں انہوں نے کئی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، کیلاش گہلوت کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے۔ آج کا دن عام آدمی پارٹی کے لیے خوشی اور غم کا ملا جلا لمحہ رہا۔