نئی دہلی 21مارچ:کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر والے اشتہارات اور ’مودی کا پریوار‘ سے متعلق تشہیری مواد کے خلاف جمعرات (21 مارچ) کو الیکشن کمیشن سے شکایت کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے ایک وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے 6 پوائنٹس پر مشتمل شکایت بھی کی اور کہا کہ حکمراں بی جے پی کے ذریعے انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ کانگریس کے اس وفد میں پارٹی کے سینئر لیڈر مکل واسنک اور سلمان خورشید کے علاوہ سوشل میڈیا ڈپارٹمنٹ کی سربراہ سپریا شرینیت بھی تھیں۔ وفد نے الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم بھی سونپا جس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے جھوٹے اشتہارات میں 2 جی کے تقسیم کے معاملے کو اٹھایا گیا ہے۔ بی جے پی ایک دہائی پرانے معاملے کو ایک بار پھر اچھال رہی ہے جب کہ عدالت اسے مکمل طور پر ختم کر چکی ہے۔ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے اشتہارات کو ہٹایا جائے اور ان کے بنانے و تقسیم کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ’مودی کا پریوار‘ سے متعلق اشتہارات کے خلاف بھی شکایت کی گئی۔ وفد نے دعویٰ کیا کہ ان جھوٹے اشتہارات پر سرکاری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اشتہار میں مسلح افواج کو دکھایا گیا ہے جو کمیشن کی واضح ہدایت کی صریح خلاف ورزی ہے۔