بی جے پی کیجریوال پر حملہ کرا سکتی ہے

0
11

نئی دہلی 20مئی: عآپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کیجریوال پر قاتلانہ حملہ کروانے کی سازش تیار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’کیجریوال کے جیل سے باہر آنے سے بی جے پی بوکھلائی ہوئی ہے۔ اب یہ لوگ کیجریوال پر قاتلانہ حملہ کرنے کی سازش تیار کر رہے ہیں۔ ملک کے وزیر داخلہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہی سوال اٹھا رہے ہیں۔‘‘ سنجے سنگھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’کیجریوال کے جیل سے باہر آنے سے بی جے پی اتنی بوکھلائی ہوئی ہے کہ یہ لوگ کسی بھی طرح کا نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ بی جے پی اب کیجریوال پر قاتلانہ حملہ کرنے کی تیاری میں ہے۔‘‘ سنجے سنگھ نے کچھ میٹرو اسٹیشن پر دھمکی آمیز الفاظ لکھے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب لوگ میٹرو اسٹیشن پر لکھ کر حملہ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ اگر کیجریوال پر حملہ ہوگا تو اس کے لیے بی جے پی ذمہ دار ہوگی۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ دہلی آبکاری پالیسی میں مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو گرفتار کر جیل بھیج دیا گیا تھا۔ گزشتہ دنوں انھیں سپریم کورٹ نے انتخابی تشہیر میں حصہ لینے کے لیے یکم جون تک عارضی ضمانت دی تھی۔ بی جے پی نے عدالت کے اس فیصلے پر سوال بھی اٹھایا تھا۔