نئی دہلی26اگست: کانگریس نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رانوت کے ذریعہ کسانوں سے متعلق کیے گئے قابل اعتراض تبصرہ پر آج سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ کانگریس نے بی جے پی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس پورے معاملے میں اپنی وضاحت پیش کرے اور کنگنا رانوت کو پارٹی سے باہر نکالے۔ نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے کہا کہ کل ایک بے حد واہیات بیان سننے کو ملا جسے سن کر لوگوں کا سر شرم سے جھک گیا اور لوگ مشتعل ہو گئے۔ کنگنا رانوت ایسے بیان دینے میں ماہر ہیں، لیکن اب وہ صرف اداکارہ نہیں، بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ کنگنا رانوت نے کل ملک کے کسانوں کو قاتل اور زانی کہا۔ اس ملک کے اَن داتاؤں کے لیے ایسے الفاظ شاید ہی کسی سیاسی لیڈر نے کہے ہوں۔ رانوت نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور چین ملک میں کسان تحریک کروا کر عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔ شرینیت نے اس معاملے میں پوچھا کہ کیا یہ بی جے پی کا آفیشیل نظریہ ہے۔ کیا بی جے پی بھی کسانوں کو قاتل اور زانی مانتی ہے۔ کنگنا سے متعلق بی جے پی کے ذریعہ جاری بیان پر سپریا شرینیت نے کہا کہ ’’آج بی جے پی نے اپنے بیان میں کہا کہ کنگنا رانوت کے ذریعہ کسان تحریک پر دیے گئے سے پارٹی عدم اتفاق رکھتی ہے۔ پارٹی کے پالیسی پر مبنی موضوع پر بولنے کے لیے کنگنا کو نہ تو اجازت ہے اور نہ ہی وہ بیان دینے کے لیے مجاز ہیں۔ ایسے میں بی جے پی سے امید ہے کہ اگر اسے اپنی رکن پارلیمنٹ کی بات سے اعتراض ہے، تو انھیں پارٹی سے باہر کیا جائے۔ کنگنا کو کہا جائے کہ وہ کسانوں سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگیں۔ اگر ایسا نہیں کر سکتے تو بی جے پی خود اس ملک کے کسانوں سے معافی مانگے۔‘‘