بھوپال، 22 فروری (رپورٹر)بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے 370 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر بوتھ پر پارٹی کے حق میں 370 ووٹ بڑھانے کا ہدف دیا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کی ایک بڑی میٹنگ ہوئی۔ اس میں لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی نے آئین سے دفعہ 370 کو ہٹانے کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ یہ انہیں نمن ہے۔ ہمیں 370 کے اس اعداد و شمار سے جڑے جذباتی پیغام کو ہر بوتھ تک لے جانا ہے اور ہر کارکن کو اس سے جوڑنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے اگلے 100 دنوں کا ایکشن پلان تیار کریں۔ پوری محنت سے اسے عملی جامہ پہنانے میں مصروف ہو جائیں۔
ریاستی صدر اور ایم پی وشنودت شرما، لوک سبھا کے ریاستی انچارج ڈاکٹر مہیندر سنگھ، شریک انچارج ستیش اپادھیائے اور ریاستی تنظیم کے جنرل سکریٹری ہیتا نند نے ریاستی افسران، ڈویژن انچارجوں، مورچہ کے ریاستی صدور اور ریاستی کوآرڈینیٹروں کے اجلاس سے جمعرات کو خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی وکست مدھیہ پردیش‘‘ پروگرام سے ورچوئلی خطاب کرنے والے ہیں۔
ریاست کے 163 اسمبلی حلقوں میں ہمارے اراکین اسمبلی ہیں۔ جہاں ایم ایل اے نہیں ہیں وہاں علاقے کے دیگر عوامی نمائندے پروگرام کے باوقار انعقاد کو یقینی بنائیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 25 فروری کو مدھیہ پردیش آ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ من کی بات پروگرام بھی ہے۔ 2014 اور 2019 کی طرح اس بار بھی ہمیں بڑی فتح حاصل کرنی ہے۔ اس بار ریاست کے عوام تمام 29 کی 29 لوک سبھا سیٹوں پر بی جے پی کو بھرپور آشیرواد دیں گے۔ ہم تمام سیٹیں جیت کر تاریخ رقم کریں گے۔