لکھنو14اکتوبر: اتر پردیش حکومت میں وزیر سنجے سنگھ گنگوار نے ایک انتہائی حیرت انگیز بیان دیا ہے۔ انہوں نے ایک تقریب کے دوران کہا ہے کہ ’’گئوشالہ (جہاں گائیں رکھی جاتی ہیں) میں رہنے اور اس کی صفائی کرنے سے کینسر کا علاج ممکن ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ گائے کی پیٹھ سہلانے بھر سے بلڈ پریشر جیسی بیماری سے نجات مل سکتی ہے۔ یہ بیان بی جے پی لیڈر سنجے گنگوار نے اتر پردیش کے نوگاوا پکڑیا علاقہ میں 13 اکتوبر کو ’کانہا گئوشالہ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ اب ان کا یہ بیان سرخیوں میں ہے۔ لوگ حیرت میں ہیں کہ گئو شالہ میں رہنے بھر سے کینسر جیسی لاعلاج بیماری سے چھٹکارا کس طرح مل سکتا ہے۔ انگریزی روزنامہ ’ہندوستاں ٹائمز‘ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق بی جے پی لیڈر نے تقریب کے دوران بلڈ پریشر کے مریضوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ دن میں دو بار گائے کی پیٹھ کو سہلائے۔ ایسا کرنے سے ان کی دوا کی ڈوز 20 ملی گرام سے کم ہو کر 10 ملی گرام ہو جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گوبر کے اپلے کو جلا کر مچھروں کو بھگایا جا سکتا ہے۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گائے سے نکلنے والی تمام چیزیں قابل استعمال ہیں۔ تقریب میں کچھ لوگوں نے آوارہ مویشیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی بات کہی۔ اس کے جواب میں اور دیگر خدشات کو دور کرتے ہوئے بی جے پی وزیر نے کہا کہ ’’یہ مسائل گائے کے احترام میں کمی کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ ہم اپنی ماں کی خدمت نہیں کرتے ہیں، تبھی تو ماں کہیں نہ کہیں ہمیں نقصان پہنچا رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مسلم طبقہ سے بھی گزارش کی کہ وہ گئو شالہ کی اہمیت کو سمجھیں اور یہاں آئیں۔ سنجے گنگوار نے یہ گزارش بھی کہ مسلم لوگ عید کے موقع پر گائے کے دودھ سے ہی سوئیاں بنائیں کیونکہ یہ انتہائی مفید ہے۔
ادھو اسپتال میں داخل
ممبئی، 14 اکتوبر (یو این آئی) شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو جانچ کے لیے یہاں ریلائنس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
مسٹر ٹھاکرے کو دل کی بیماری ہے اور ان کے دل کی شریانوں میں رکاوٹوں کی شناخت کے لیے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسٹر ٹھاکرے کی انجیو گرافی ہونے کا امکان ہے۔