نئی دہلی2مارچ:بی جے پی نے لوک سبھا انتخاب 2024 کو پیش نظر رکھتے ہوئے آج امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کر دی۔ پارٹی نے ہفتہ کے روز اپنے امیدواروں کی جو فہرست جاری کی ہے اس میں 16 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام خطوں کی مجموعی طور پر 195 سیٹوں کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ونود تاؤڑے نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ جانکاری دی، اور ساتھ ہی بتایا کہ باقی پارلیمانی سیٹوں پر گفت و شنید کا دور چل رہا ہے۔ بی جے پی نے 195 پارلیمانی سیٹوں کے لیے مقرر کردہ امیدواروں کی جو فہرست جاری کی ہے اس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر وارانسی سے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امت شاہ گاندھی نگر سے کھڑے ہوں گے اور آنجہانی سشما سوراج کی بیٹی کو نئی دہلی پارلیمانی سیٹ سے کھڑا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں 34 مرکزی و ریاستی وزراء کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ بی جے پی قومی جنرل سکریٹری ونود تاؤڑے نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اتر پردیش کی 51، مغربی بنگال کی 26، مدھیہ پردیش کی 24، گجرات کی 15، راجستھان کی 15، کیرالہ کی 12، تلنگانہ کی 9، آسام کی 11، جھارکھنڈ کی 11، چھتیس گڑھ کی 11، دہلی کی 5، جموں و کشمیر کی 2، اتراکھنڈ کی 3 اور اروناچل، گوا، تریپورہ، انڈمان و نکوبار، دمن و دیو کی ایک ایک سیٹ پر امیدوار طے کیے گئے ہیں۔ بی جے پی کے ذریعہ جاری امیدواروں کی پہلی فہرست پر نظر ڈالی جائے تو 195 امیدواروں میں سے 28 خاتون امیدوار ہیں اور 47 امیدوار ایسے ہیں جن کی عمر 50 سال سے کم ہے۔ امیدواروں کی اس پہلی فہرست میں 27 امیدوار درج فہرست ذات کے، 18 امیدوار درج فہرست قبائل کے اور 57 امیدوار دیگر پسماندہ طبقہ سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔ دہلی کی جن پانچ پارلیمانی سیٹوں کے لیے امیدوار کا اعلان کیا گیا ہے، ان میں سے ایک تو نئی دہلی سیٹ ہے جہاں سے سشما سوراج کی بیٹی بانسری سوراج کھڑی ہوں گی، بقیہ چار سیٹوں پر رامویر سنگھ بدھوڑی (جنوبی دہلی)، پروین کھنڈیلوال (چاندنی چوک)، منوج تیواری (شمال مشرقی دہلی) اور کمل جیت سہراوت (مغربی دہلی) کو موقع دیا گیا ہے۔