دھنباد، 04 فروری (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر نوجوانوں کے مستقبل کو برباد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی نوجوان مخالف پالیسیوں کی وجہ سے آج کروڑوں نوجوانوں کے سامنے روزگار کے حصول میں بڑی مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔
اتوار کو یہاں ‘بھارت جوڑونیائے یاترا’ کے دوران اپنے خطاب میں، مسٹر گاندھی نے کہا کہ ہم نے ‘بھارت جوڑونیائے یاترا’ میں لفظ ‘نیائے شامل کیا ہے۔ اس کی دو تین بڑی وجوہات ہیں۔ آج ملک میں معاشی ناانصافی ہو رہی ہے اور ملک کا سرمایہ چند منتخب دو تین ارب پتیوں کو دیا جا رہا ہے۔ گڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) اور نوٹ بندی کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری پھیلی ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی بی جے پی نے ملک کے نوجوانوں کا مستقبل برباد کر دیا ہے۔ یہ یاترا حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہے۔ جھارکھنڈ کے قبائلیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی قبائلیوں کے جل ، جنگل اور زمین کی حفاظت کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے نفرت کے بازار میں محبت کا بازار کھولاہے۔