لکھنو 19دسمبر:یوپی کے سنبھل سے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق پر بجلی چوری کا الزام لگایا گیا ہے۔ ان کے خلاف انسداد بجلی چوری کی دفعہ 135 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ساتھ ہی رکن پارلیمنٹ کے گھر کا بجلی کنکشن کاٹ دیا گیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ کے گھر زیرو میٹر ریڈنگ کے بعد پولیس انتظامیہ نے یہ کارروائی کی ہے۔ دریں اثنا سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق کے خلاف کی گئی کارروائی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلع انتظامیہ برق کو بلاوجہ پریشان کر رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے اپنے رکن پارلیمنٹ کے خلاف کی گئی کارروائی کو حکمراں جماعت کی ایک چال بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ سب افسران کا کھیل ہے۔ گزشتہ دنوں ہوئے تشدد کے بعد افسران اب خود کو بچانے کے لیے چال چل رہے ہیں۔ مسلمانوں کے گھروں میں چھاپے مار رہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کے گھر تک بھی پہنچ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بی جے پی کے لوگوں کی بھی تفتیش کریں، بی جے پی کے لیڈران بھی بجلی چور ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ محکمہ توانائی نے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ ان کے معاونین پر بھی معاملہ درج کیا ہے۔ محکمہ توانائی نے ضیاء الرحمن برق کے والد شفیق الرحمن برق کے خلاف بھی معاملہ درج کیا ہے۔ شفیق الرحمن برق نے افسران کو دیکھ لینے کی بات کہی تھی۔ واضح ہو کہ ضیاء الرحمن برق کے دیپ سرائے واقع گھر پر جمعرات کو صبح محکمہ توانائی کی ٹیم تفتیش کرنے پہنچی۔ موقع پر ان کے گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ محکمہ توانائی کی ٹیم نے اسمارٹ میٹر چیک کیا کہ کتنے یونٹ بجلی کا استعمال کیا گیا ہے، تو پتہ چلا کہ میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔