پونے6جنوری: مہاراشٹر میں بی جے پی کے رکن اسمبلی سنیل کامبلے نے پونے میں ایک تقریب کے دوران ایک پولیس اہلکار کو تھپڑ مار دیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سنیل کامبلے کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ سنیل کامبلے نے پولیس اہلکار کو ایک اسپتال کی تقریب کے دوران تھپڑ مارا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، پہلے سنیل کامبلے نے اسپتال کے سنگ بنیاد پر اپنا نام نہ ہونے پر این سی پی کے ایک عہدیدار سے مار پیٹ کی۔ اس کے بعد سنیل کامبلے اسٹیج سے نیچے اترے اور ایک پولیس اہلکار کو بھی تھپڑ مار دیا۔ پھر کچھ ہی دیر میں اس معاملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ تنازعہ کھڑا ہونے کے بعد سنیل کامبلے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ سنیل کامبلے کے خلاف بنڈ گارڈن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس اور اپوزیشن کی تنقید کے بعد رات گئے مقدمہ درج کیا گیا۔ ساسون اسپتال میں پروگرام کے دوران ایم ایل اے سنیل کامبلے نے جس پولیس اہلکار کو تھپڑ مارا، اس کا نام شیواجی سرک ہے۔ فی الحال یہ مسئلہ مہاراشٹر میں زور پکڑ رہا ہے۔ خیال رہے کہ ساسون اسپتال کے تھرڈ جینڈر وارڈ کا افتتاحی پروگرام جمعہ منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، حسن مشرف، سنیل تاٹکرے، ایم ایل اے رویندر دھانگےکر، ایم ایل اے سنیل کامبلے اور دیگر معززین موجود تھے۔