بھوپال، 14 فروری (رپورٹر) بی جے پی اور کانگریس دونوں پارٹیوں نے مدھیہ پردیش میں راجیہ سبھا انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ بی جے پی نے ایک بار پھر او بی سی، دلت اور خواتین کا کارڈ کھیلا ہے۔بی جے پی نے او بی سی (دیگر پسماندہ طبقے) سے بنسی لال گرجر، دلت برادری سے امیش ناتھ مہاراج اور خواتین کوٹہ سے مایا نرولیا کو امیدوار بنایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے اشوک سنگھ کا نام فائنل کیا ہے۔ اشوک سنگھ سے پہلے میناکشی نٹراجن کا نام تجویز کیا گیا تھا۔ کانگریس کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاستی رہنما میناکشی پر متفق نہیں تھے، کانگریس امیدوار کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ دگ وجے سنگھ اپنا کارڈ کھیلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اشوک سنگھ کو دگ وجے کے حامی بتائے جاتے ہیں۔ وہ بھی او بی سی زمرے سے آتے ہیں۔
کانگریس امیدواروں کی فہرست آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بدھ کو جاری کی، جس میں مدھیہ پردیش سمیت تین ریاستوں سے راجیہ سبھا کے چھ امیدواروں کا اعلان کیا گیا۔ ان میں مدھیہ پردیش کے اشوک سنگھ کا نام بھی شامل ہے۔ اشوک سنگھ اس وقت مدھیہ پردیش کانگریس میں خزانچی کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہوں نے چار بار لوک سبھا الیکشن لڑا، لیکن ہر بار انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اشوک سنگھ کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی وہ تمام قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں جن میں کمل ناتھ، میناکشی نٹراجن، ارون یادو، اجے سنگھ راہل بھیا، کملیشور پٹیل کو راجیہ سبھا امیدوار بنائے جانے کی باتیں کہی جا رہی تھیں۔
بی جے پی نے بدھ کی صبح اپنی پارٹی کے سابق تمل ناڈو ریاستی صدر اور مرکزی وزیر ایل مروگن کو مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کا امیدوار قرار دیا۔ بی جے پی نے کسان مورچہ کے قومی نائب صدر بنشی لال گرجر، مہیلا مورچہ کی ریاستی صدر مایا نرولیا اور امیش ناتھ مہاراج کو مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے امیدوار بنایا ہے۔
موجودہ اراکین دھرمیندر پردھان، اجے پرتاپ سنگھ اور کیلاش سونی کے نام پارٹی کی فہرست میں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔ اس وقت ان پانچ سیٹوں میں سے چار سیٹیں بی جے پی کے پاس ہیں اور ایک سیٹ کانگریس کے پاس ہے۔ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نامزدگی 15 فروری تک کی جانی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا میں مدھیہ پردیش کوٹے کی پانچ سیٹیں خالی ہونے والی ہیں۔ ایم ایل اے کی تعداد کے حساب سے فی الحال بی جے پی کو چار سیٹیں ملنا یقینی ہے جبکہ ایک سیٹ کانگریس کے حصے میں جائے گی۔ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نامزدگی کا عمل اسمبلی میں جاری ہے۔ نامزدگی کی آخری تاریخ جمعرات 15 فروری ہے۔ اس کے بعد 20 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ ضرورت پڑنے پر 27 فروری کو ووٹنگ ہوگی اور اسی دن شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔