نئی دہلی 15جنوری: نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار پرویش ورما نے آج اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کر دیا۔ لیکن اس سے قبل انھوں نے مندر مارگ پر واقع بالمیکی مندر میں پوجا کی اور کچھ خواتین میں جوتے تقسیم کیے۔ جوتوں کی یہ تقسیم ان کے لیے مصیبت بن گئی ہے، کیونکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ بتاتے ہوئے دہلی پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ دراصل الیکشن کمیشن نے پرویش ورما کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کو چٹھی لکھی۔ اس کے فوراً بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملہ میں پرویش ورما پر ایف آئی آر درج کر لی۔ معاملے کی جانچ مندر مارگ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو سونپ دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پولیس کو تحریری ہدایت جاری کر جانچ شروع کرنے کو کہا ہے۔ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد پولیس نے معاملے کی گہرائی سے جانچ شروع بھی کر دی ہے۔ اس معاملے میں دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی پرویش ورما اور بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی دہلی کی عوام کو خریدنے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ دہلی والوں کی توہین ہے۔ انھوں نے سوال کیا کہ ’’کیا بی جے پی یہ سمجھتی ہے کہ جوتے تقسیم کرنے سے وہ دہلی کے لوگوں کو خرید سکتی ہے؟‘‘ عآپ نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر وہ ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں پرویش ورما جوتے تقسیم کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس پوسٹ میں عآپ نے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا، اور اب یہ کارروائی دیکھنے کو مل رہی ہے۔